نئی دہلی28فروری (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) ہندوستان اورپاکستان سرحد پر کشیدہ حالات کے درمیان نوبل امن انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی نے جمعرات کو دونوں ممالک کی حکومتوں سے امن کی اپیل کی۔اطفال حقوق کارکن ستیارتھی نے ایک بیان میں کہاکہ اپنے تمام بچوں کی سلامتی، تحفظ اور بہبود کے لئے میں نے ہندوستان اور پاکستان کی حکومتوں سے فوجی تنازعات روکنے کی اپیل کرتا ہوں۔ انہوں نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے امید ظاہر کی کہ وہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اعتماد اور شفافیت کا ماحول بنانے اور کھلے دل سے دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے مل کر کام کریں گے۔ستیارتھی نے کہاکہ میں دونوں قوموں کے مذہبی رہنماؤں، مذہب گرووں، میڈیا اور نوجوانوں سے امن بحال کرنے میں حکومتوں کے ساتھ کام کرنے کی بھی اپیل کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ میں اس بات کو دہراتا ہوں کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی انسانیت کے لئے خطرہ ہے اور ہمارے بچوں کو امن کے ماحول میں پلنے بڑھنے کا حق ہے۔